انتشارکی سیاست کرنے والوں کو ہوش سے کام لینا چاہئے،عثمان بزدار
پی ڈی ایم سے کوئی مسئلہ ہے اور نہ ہی کوئی خطرہ، بدقسمتی سے یہ عناصر دشمن کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں
ملک و قوم کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے رہبر نہیں، اپوزیشن کا احتجاج بے معنی ہے،بیان
لاہور(ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انتشارکی سیاست کرنے والوں کو ہوش سے کام لینا چاہئے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن کا احتجاج بے معنی ہے، پی ڈی ایم کا ٹولہ خود انتشار کا شکار ہوچکا ہے۔ پی ڈی ایم سے نہ کوئی مسئلہ ہے اور نہ ہی کوئی خطرہ، بدقسمتی سے یہ عناصر ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جا کر دشمن کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے ہیں، ملک و قوم کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے رہبر نہیں، اپوزیشن کی جانب سے نازک حالات میں قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کو عوام کا احساس ہے نہ ملک کی پرواہ، یہ لوگ اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے قومی مفادات کو بھی دا ئوپر لگا رہے ہیں، اس وقت قوم کو اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں، انتشارکی سیاست کرنے والوں کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا چاہئے۔