اوتھل  ، ٹریفک حادثہ، 15 مسافر جاں بحق  ، 10 زخمی

لاشیں اور زخمی ڈ سٹرکٹ ہسپتال  منتقل،جاں بحق ہونیوالوں میں5  خواتین، 3بچے بھی شامل

وزیراعلیٰ بلوچستان کا واقعہ پر اظہار افسوس ، زخمیوں کو  طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

  لسبیلہ(ویب  نیوز)  بلوچستان میں اوتھل کے قریب  کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 15 مسافر جاں بحق  اور 10 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے علاقہ اوتھل کے قریب آر سی ڈی شاہر اہ پر تیز رفتارمسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں 15  افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے جن میں خواتین،بچے اور مرد شامل ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ بلوچستان کے علاقے پنجگور سے کراچی جارہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث زیرا کے مقام پر الٹ گئی، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین، 3 بچے اور 7 مرد شامل ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اوتھل کے قریب مسافر کوچ الٹنے کی وجہ سے  انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔جام کمال خان نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔وزیراعلی بلوچستان نے حادثے کے زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت بھی دی۔