انقرہ (ویب ڈیسک)
ترکی میں بجلی سے چلنے والی تیز رفتار مسافر بس کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس کی سب سے خاص بات یہ ہے اس بس کو کسی ڈرائیور کی ضرورت نہیں ہوتی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے مقامی کمپنی کارسن اتک الیکٹرک کی ڈرائیور کے بغیر چلنے والی پہلی برقی بس کا افتتاح کردیا ہے۔ ڈرائیور لیس الیکٹرک بس کی تقریب میں ترک صدر سمیت اعلیٰ حکام اور غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔
ترک صدر طیب اردوان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بس کا سفر بھی کیا اور بس کی تعریف کی۔ کامیاب تجربے کے بعد کمپنی کارسن اب بس کی بڑے پیمانے پر تیاری کا آغاز کرے گی۔
ڈرائیور کے بغیر چلنے والی پہلی الکیٹرک بس بنانے والی کمپنی کارسن کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی ایم ڈبلیو کی 220 کلو واٹ بیٹریوں کی وجہ سے یہ بس بغیر رکاوٹ 300 کلو میٹر تک سفر کرسکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق 27 فٹ لمبی بس میں 50 مسافروں کے بیٹھنے کی جگہ ہے جب کہ بیٹری کو 5 گھنٹوں میں AC کے ذریعہ یا 3 گھنٹے میں ڈی سی کے ذریعے چارج کیا جا سکتا ہے۔
مسافر بس کے سڑکوں پر آنے کے وقت اور قیمت سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ترکی کی ایک اور آٹوموبائل کمپنی اوٹوکر نے بھی گزشتہ ماہ ایک خود مختار برقی بس کا تجربہ کیا تھا جب کہ ایک سال قبل الیکٹرک کار کا بھی کامیاب تجربہ کیا جا چکا ہے۔