مقبوضہ کشمیر کو "بھارتی کشمیر” لکھنے کا امریکی بیان مایوس قرار

امریکی محکمہ خارجہ کا بیان جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت سے متصادم ہے، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد(ویب  نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں فور جی انٹرنیٹ سروس کے دوبارہ آغاز سے متعلق امریکی بیان کو مایوس کن قرار دے دیا اور بھارتی کشمیر لکھ کر ٹوئٹ کرنے کا معاملہ امریکی محکمہ خارجہ سے اٹھادیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے  اپنے جاری بیا ن میںکہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کا بیان جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت سے متصادم ہے، کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ میں دیرینہ مسئلے کی حیثیت رکھتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی کوشش کی جائے، بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے کے لئے بھارت پر زور ڈالے۔گزشتہ روز امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں خطے کی متنازع حیثیت کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے حقائق کے برعکس ٹوئٹ کرائی جس میں بھارت کا جموں کشمیر لکھا گیا ہے۔تاہم امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے واضح کیا ہے کہ کشمیر پر امریکی پالیسی میں تبدیل نہیں ہوئی اور امریکا اب بھی کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک متنازع علاقہ سمجھتا ہے