اسلام آباد (ویب ڈسک)

چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنی سوچ بدلنی ہوگی، کشمیر کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری ڈائیلاگ کے حامی ہیں، مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل چاہتے ہیں۔

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تبدیلیوں سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے، آج نہیں تو کل مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پچھلے 19 ماہ سے مجھے مسلسل گھر میں محصور کیا گیا ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیریوں کے سول حقوق کے ساتھ مذہبی اور انسانی حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کی بات نہ لکھنے کے لیے مقامی صحافیوں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔