سری نگر (ویب ڈیسک)

مقبوضہ کشمیر میں کم ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث بھارتی فوج کے ایک اور اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑا کی فوجی چھاؤنی میں اچانک فائرنگ پر ڈیوٹی پر موجود اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو ایک اہلکار کی خون میں لت پت لاش پڑی تھی۔

لاش کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں موت کی تصدیق کردی گئی۔ خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت تری وید کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی گاؤں بھیج دیا گیا۔

جمعرات کے روز بھی مقبوضہ کشمیر میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت تین اہلکاروں نے خودکشی کی تھی اس طرح محض چار دنوں میں خودکشی کرنے والوں کی تعداد 4 ہوگئی۔

بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک دہائی میں مجموعی طور پر 1 ہزار 123 اہلکاروں نے خودکشی کی جن میں بری فوج کے 901، نیوی کے 40 اور فضائیہ کے 182 افسران اور اہلکار شامل ہیں۔

واضح رہے کہ صرف مقبوضہ کشمیر میں 2007 سے تاحال پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے خودکشی اور آپسی جھگڑوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 495 ہوگئی۔