کم لاگت والے مکانات کی اسکیم کو فروغ دینے کیلئے اخوت اور فیصل بینک کا اشتراک
کراچی(ویب نیوز)حکومت پاکستان کی جانب سے کم آمدنی کے حامل افراد کے لیے متعارف کرائی گئی کم قیمت ہائوسنگ فنانس کی سہولت کو شرعی اصولوں کے مطابق فروغ دینے کے لیے فیصل بینک لمیٹیڈ اور اخوت نے اسٹریٹیجک شراکت داری کر لی ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر فیصل بینک کے کارپوریٹ اور انویسٹمنٹ بینکنگ کے سربراہ علی وقار اور اخوت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر امجد ثاقب نے دستخط کیے۔ اخوت دنیا کی سب سے بڑی سود سے پاک مائیکرو فنانس آرگنائزیشن ہے جو غربت مٹانے اور پسماندہ طبقوں کو سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مستقل کام کررہی ہے۔ اس شراکت داری کے تحت اخوت سستے گھر کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند اہل افراد کی نشاندہی کرنے میں فیصل بینک کی مدد کرے گا۔اس کے جواب میں تیزی سے ترقی کرتا اسلامی اور بہترین ابھرتے ہوئے بینک کا اعزاز حاصل کرنے والا فیصل بینک اخوت کی جانب سے تجویز کردہ سستے گھر کی سہولت سے مستفیدہونے کے خواہشمند درخواست گزاروں کو رقم کا اجرا کرے گا۔ فیصل بینک ان ابتدائی بینکوں میں سے ایک ہے جنہوں نے اخوت سے معاہدہ کیا ہے تاکہ ملک بھر میں اْن ممکنہ کلائنٹس کے نیٹ ورک تک رسائی حاصل کی جا سکے جو شرعی اصولوں کے مطابق کم قیمت کے گھر کی سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔فیصل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسف حسین نے اس شراکت داری پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں کو مالیاتی لحاظ سے خودمختار بنانے کے اپنے مشن کو فروغ دینے پر بہت مسرور ہیں۔ اخوت کے ساتھ اس اشتراک کی بدولت ہماری نگاہیں کم آمدن کے حامل مستحق افراد کو پائیدار کم قیمت کے ہا ئوسنگ یونٹس کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی مجموعی سماجی اور معاشی ترقی کو فروغ دے کر پسماندہ طبقے کا معیار زندگی کو بلند کرنے پر مرکوز ہیں۔ اخوت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ فیصل بینک کے ساتھ اس شراکت داری نے ملک کے مستحق افراد کی مدد کرنے کی ہماری کوششوں کو مزید تقویت فراہم کی ہے۔ اخوت اور فیصل بینک کی مشترکہ کوششوں کی بدولت انشااللہ ہم سستے گھر کا خواب ہر کسی کے لیے حقیقت بنا دیں گے۔