کورونا ‘لاک ڈائون میں توسیع پر غور،اسلام آباد میں ماسک نہ پہننے پر دفعہ 144 نافذ
راولپنڈی کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈائون نافذ
خیبرپختونخوا کے بعض شہروں میں بھی لاک ڈائون میں توسیع سمیت مختلف اقدامات پر غور کیا گیا
بعض ملکوں سے بین الاقوامی سفرپر مزید پابندی پر فیصلہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہوگا
پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کا آغاز ہوچکا ہے،برطانیہ سے آیا تیزی سے پھیلتا، اموات بھی زیادہ ہوتی ہیں،اسد عمر

اسلام آباد(ویب  نیوز)ملک میں کورونا کے مثبت کیسز بڑھنے پرنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس ہوا جس میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔این سی او سی کے مطابق کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5 سے 6 فیصد تک ہوگئی ہے، پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بڑے شہروں میں مثبت کیسز کی شرح بڑھی ہے، وفاق کی تمام اکائیاں ایس اوپیزپر سختی سے عملدرآمد کے لیے فوری اقدامات کریں۔این سی اوسی نے وبا کے کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔اعلامیے کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں لاک ڈاون میں توسیع کے لیے مزید اقدامات زیر غور ہیں ، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے بعض شہروں میں بھی لاک ڈائون میں توسیع سمیت مختلف اقدامات پر غور کیا گیا ہے۔این سی او سی اجلاس میں کورونا وبا کی نئی قسم کے پھیلا وپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ بعض ملکوں سے بین الاقوامی سفرپر مزید پابندی پر فیصلہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہوگا،دریں اثنا ء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں ملک میں کورونا وبا سے متعلق پیدا ہوتی خطرناک صورتحال کے بارے میں خبردار کردیا۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کا آغاز ہوچکا ہے جس میں برطانیہ سے آیا ہوا وائرس زیادہ نمایاں ہے۔اسد عمر نے کہا کہ برطانیہ سے آیا وائرس نہ صرف تیزی سے پھیلتا ہے بلکہ اس سے اموات بھی زیادہ ہوتی ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کی نئی لہر سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کردئیے۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دارالحکومت کی حدود میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیدیا۔ڈی سی اسلام آباد کے مطابق انتظامیہ نے ماسک کے استعمال سے متعلق دفعہ 144 نافذ کردی ہے، اب ماسک نہ پہننے والے شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ماسک کے استعمال سے متعلق دفعہ 144 کا نفاذ 2 ماہ کے لیے ہوگا، دوسری طرف کورونا کیسز میں اضافے کے باعث راولپنڈی کے 4علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاون سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی کے علاقے صادق آباد کی گلی نمبر 4 اور علامہ اقبال کالونی کی گلی نمبر 27 میں لاک ڈاون  لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک پر اچہ میں بھی اسمارٹ لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے چاروں علاقوں میں رات 12 بجے سے اسمارٹ لاک ڈائون نافذ ہوگیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لاہور شہر کے مزید 16 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈان نافذ کردیا گیا تھا۔