پاک فوج پرحملوں میں ملوث کالعدم داعش کے 3مبینہ دہشت گرد گرفتار
دہشت گرد افغانستان سے کراچی پہنچے تھے،بڑی تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا
دہشت گردوں میں نورمحمد، حیات اللہ اور خان بہادر شامل ہے، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا،ترجما ن رینجرزسندھ

کراچی(ویب  نیوز)رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پاک آرمی پرحملوں میں ملوث کالعدم داعش کے 3مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق رینجرز اور پولیس نے کراچی بلدیہ ٹا ئون کے علاقے اتحاد ٹائون میں مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک داعش کے 3خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نورمحمد عرف ابودردہ ،حیات اللہ اورخان بہادرعرف قاری شامل ہیں، تینوں دہشت گرد پاک آرمی پر متعدد حملوں، بم دھماکوں اور کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث ہیں۔ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گرد افغانستان سے کراچی پہنچے تھے، دہشت گردوں نے کراچی میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بندی کی ہوئی تھی، تاہم بروقت کارروائی کرکے ان کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔