حکومتی سرپرستی سے پاکستان اسمارٹ فونز کی تیاری کے بعد برآمدات میں بھی نام پیدا کر سکتا ہے’موبائل فونزمینو فیکچررزایسوسی ایشن
اسمارٹ فون کی صنعت کے پھیلنے سے اب تک پاکستان میں6 ہزار سے زیادہ افراد کو روزگارمل چکا ہے ‘ ڈپٹی وائس چیئرمین سردار خان

اسلام آباد/لاہور (ویب  نیوز)پاکستان موبائل فونزمینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ڈپٹی وائس چیئرمین سردار خان نے کہا ہے کہ اگرحکومت اورمتعلقہ ادارے بھرپور سرپرستی اورمعاونت کریں تو پاکستان اسمارٹ فونز کی تیاری کے بعد اس کی برآمدات میں بھی اپنا نام پیدا کر سکتا ہے،اسمارٹ فونز اور اسسریز کی درآمدپر سالانہ اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں جس سے پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر کو منفی اثرات کاسامناہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں موبائل فونز کی مینو فیکچرننگ کی اجازت دیتے ہوئے جوائنٹ ونچر کی جانب لاناچاہیے اور خاص طو رپر ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے لازمی مددحاصل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مصدقہ رپورٹ کے مطابق اسمارٹ فون کی صنعت کے پھیلنے سے اب تک پاکستان میں6 ہزار سے زیادہ افراد کو روزگارکی فراہمی ممکن ہوچکی ہے ۔ ہمیں جدید ٹیکنالوجی کیلئے چین سمیت دیگر ممالک کی ٹیکنالوجی سے استفادہ اور برآمدات کی جانب پیشرفت کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت درآمدی بل میں کمی لانے کے لئے عوام میں میڈان پاکستان کیلئے آگاہی مہم چلائے ،امید ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میںموبائل فون مینو فیکچررز کیلئے مختلف مدوںمیں چھوٹ بر قرارکھے گی بلکہ مزید سہولیات دینے کا بھی اعلان کیا جائے گا۔