کراچی (ویب ڈیسک)

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع وسطی کے تین سب ڈیوژنز کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون ضلع وسطی کے ڈیوژنز نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ کی مختلف یوسیز کے علاقوں اور رہائشی یونٹس پر لگایا گیا ہے، جس کا نفاذ 29 مارچ سے 12 اپریل تک ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی پر کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی ہوگا، متاثرہ علاقوں کے لوگ کی غیر ضروری نقل و حرکت پر اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق علاقے میں تمام کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی جبکہ متاثرہ علاقوں میں کسی بھی قسم کے اجتماع پر پابندی ہوگی، جبکہ ان علاقوں میں کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ رہیں گے۔