غزہ کی پٹی میں کسی کو افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی ، حماس رہنما
فلسطین کے مستقبل پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کی جائیگی ،انتخابات کو ملتوی کرنے کی حامی نہیں،محمد نزال

بیروت (ویب  نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے بیرون ملک جماعتی امور کے نائب صدر اور سیاسی شعبے کے رکن محمد نزال نے کہا ہے کہ۔ غزہ کی پٹی میں کسی گروپ کو افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہماری جماعت فلسطین میں انتخابات کو ملتوی کرنے کی حامی نہیں اورنہ ہی القدس میں انتخابات میں حصہ لینے سے پیچھے ہٹے گی۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ القدس میں انتخابات کے متبادل آپشن پر مناسب وقت میں بات کی جاسکتی ہے مگرابھی ان کی جماعت القدس میں انتخابات کرانے کی پرزور حامی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ القدس فلسطین کے لیے اپنی مرکزی اہمیت کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے درد ناک ماضی کا دور طے کرلیا ہے۔ غزہ کی پٹی میں کسی گروپ کو افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور فلسطین کے مستقبل پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ماضی میں جتنے بھی تجربات کیے ہیں ان سے یہ سبق سیکھا ہے کہ فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد ناگزیر ہے۔ جمہوری بنیادوں پ انتخابات اور عوام کے ووٹوں سے منتخب لوگوں کی حکومت کے قیام کے ساتھ ساتھ فلسطین میں تمام قوتوں کا ایک فورم پر متحد ہونا بھی ضروری ہے۔ایک سوال کے جواب میں محمد نزال نے کہا کہ فلسطین میں دشمن کے قبضے کے خلاف مسلح جدو جہد اور مزاحمت سرخ لکیر ہے اور کسی کو یہ لکیر عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس اور فتح قومی مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے متحد ہیں۔