غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا
غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ان کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں گےـگورنر پنجاب چوہدری سرور

لاہور  (صباح نیوز)حکومت کا پنجاب میں ہائوسنگ سکیموں کو ریگولرائز کر نے اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف سخت ایکشن کیلئے کمیشن کے قیام کا فیصلہ ۔ گور نر پنجاب چوہدر ی محمدسرور نے کمیشن کے قیام اور سزائوں کے لیے آرڈننس جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ان کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ جمعہ کے روز گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی جانب سے جاری کر دہ آرڈننس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف کاروائی کیلئے سپر یم کورٹ آف پاکستان کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیا جائے گا جبکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر 20سال کا تجربہ رکھنے والا ٹائون پلانر بھی کمیشن کا ممبر ہوگا اسکے علاوہ 20سال تجر بہ رکھنے والا سول انجینئر ،ماہر قانون اور ماہر ماحولیات جس کے پاس بھی قومی اور بین الاقوامی تجر بہ ہوگا وہ اس کمیشن کا ممبر ہوگا اس کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پرکمیشن پبلک وپر ائیوٹ سیکٹر سے متعلقہ شعبے کے ماہر شخص کی خدمات بھی حاصل کر سکے گا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی جانب جاری کردہ آرڈننس میں مزید بتایاگیا ہے کہ جو بھی ہائوسنگ سکیم قانونی معاملات کی پابندی نہیں کر ے گی ان کو سزائیں دی جائیں گی کوئی شخص منظوری کے بغیرزمین کو ہائوسنگ سکیم کیلئے استعمال کرے گا تواس کو مکمل زمین کا 2فیصد بطور جر مانہ ادا کر نا ہوگا۔ پارکس اور کھلی جگہوں کے بغیر ہائوسنگ سکیم بنانے پر بھی 2فیصد مکمل اراضی بطور جرمانہ اداکر نا پڑے گا، قبر ستان کیلئے جگہ مختص نہ کر نے پربھی کمیشن ہائوسنگ سکیم کی مکمل زمین کا 2فیصد بطور جرمانہ عائد کر سکے گا اوراس کے ساتھ ساتھ مذکورہ ہائوسنگ سکیم 5کلومیڑ کے دائرے کے اندر قبر ستان کے لئے جگہ خر ید کر مختص کر نے کی پابند بھی ہوگی۔آرڈننس کے مطابق عوام کے لیے مختص جگہ کی عدم موجودگی پرکمیشن مذکورہ ہائوسنگ سکیم کی مکمل اراضی کا3فیصد بطور جر مانہ لے سکے گا اور اگر کسی ہائوسنگ سکیم نے مین روڈ کے ساتھ لنک کر نے کے لیے سڑک کی تعمیر کا مطلوبہ میعاراختیار نہ کیا تو ایسی ہائوسنگ کی مکمل زمین کا بھی3فیصد بطور جر مانہ لیا جاسکے گا۔ ہائوسنگ سکیم کے اندربھی سڑکوں کی مطلوبہ میعار کوبر قرار نہ رکھا گیا تومذکورہ ہائوسنگ سکیم کو ان کی مکمل زمین کا 2فیصد حصہ بطور جر مانہ ادا کر نا ہوگا۔گور نر پنجاب چوہدر ی محمدسرور نے کہا کہ کمیشن کے قیام سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جاسکے گا اور غیر قانون ہائوسنگ سکیمیں بنا کر عوام کو لوٹنے والے بھی اب قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنائے گی اور عوام کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔