اردن کے سفیر کا چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کے ہمراہ اسلام آباد کے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کا دورہ
اردن اور پاکستان کے درمیان آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کیلئے کردار ادا کروں گا۔ ابراہیم المدانی
پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری سالانہ 10ارب ڈالر برآمدات کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ( ویب نیوز ) اردن کے سفیر ابراہیم المدانی نے کہا کہ وہ اردن اور پاکستان کے مابین انفارمیشن ٹکنالوجی، فارماسیوٹیکل اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صدر یاسر الیاس خان کے ہمراہ اسلام آباد کے آئی نائن انڈسٹریل ایریا میں قائم فضل سافٹ ویئر ٹکنالوجی پارک اور کے ایس ایل سافٹ ویئر ٹکنالوجی پارک کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان، میاں شوکت مسعود،اویس خٹک، عمر حسین، شکیل منیر، حافظ بلال منیر، میاں شیراز مسعود اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔اردن کے سفیر نے سافٹ ویئر ٹکنالوجی پارکس میں کام کرنے والی مختلف آئی ٹی کمپنیوں کا دورہ کیا اور اور ان میں تیار کی جائے والی مصنوعات و سروسز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سافٹ ویئر ٹکنالوجی پارکس میں آئی ٹی کمپنیوں کو فراہم کی جائے والی جدید ترین سہولیات کی تعریف کی اور عالمی معیار کی آئی ٹی مصنوعات اور سروسز تیار کرنے پر آئی ٹی پروفیشنلز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر اردن کی معیشت کا ایک اہم ستون ہے کیونکہ حکومت اس شعبے کو بہتر ترقی دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں اردن اور پاکستانی کا قریبی تعاون دونوں کی معیشتوں اور نوجوانوں کیلئے فائدہ مند نتائج کا باعث ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی کمپنیاں اردن میں جوائن وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں جس سے وہ مقامی مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی ممالک کی طرف اپنی برآمدات میں اضافہ کر سکتی ہیں۔۔ اردن کے سفیر اس سے پہلے چیمبر کے تعاون سے اسلام آباد کی چند فارماسوٹیکلز کمپنیوں کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پرنے اردن کے سفیر کو پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی صلاحیت کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی صنعت کا مستقبل بہت روشن ہے کیونکہ ہماری آئی ٹی کمپنیاں امریکہ، کینیڈا، یورپ، مشرق وسطی، افریقہ اور آسٹریلیا سمیت دنیا کی 100 سے زائد کمپنیوں کو اپنی مصنوعات اورسروسز برآمد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردن کے سفیر کا مقامی آئی ٹی کمپنیوں کا دورہ کرانے کا مقصد ان کو ان کمپنیوں کی معیاری مصنوعات اور سروسز کی صلاحیت کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کرنا ہے تا کہ اردن پاکستان سے ان مصنوعات کو درآمد کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر مزید ممالک کے سفارت کاروں کو مقامی صنعتوں کا دورہ کرائے گا تاکہ وہ ان کی اعلیٰ مصنوعات کو دیکھ سکیں اور پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے میں پرعزم ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی انڈسٹری کومزید مضبوط بنانے کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ آئی ٹی شعبہ پاکستان کو نالج اکانومی میں تبدیل کرنے میں موثر کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر توجہ اور تعاون کے ساتھ آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات چند سالوں میں بڑھ کر 10 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی اردن کے سفارتخانے کے ساتھ مل کر پاکستان اور اردن کے مابین مضبوط کاروباری روابط استوار کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ نجی شعبے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرسکیں۔