لاہور، اسلام آباد، پشاور ہائی کورٹ میں بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں، لاہور ہائی کورٹ کے محفوظ فیصلے کا انتظار کرلیا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کامؤقف

کراچی (ویب ڈیسک)

سندھ ہائی کورٹ نے اے لیول، او لیول کے فزیکل امتحانات سے متعلق طلبا کی مختلف درخواستوں پر سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ دیگر فریقین کو سن کر فیصلہ کریں گے۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں اے لیول، او لیول کے فزیکل امتحانات سے متعلق طلبا کی مختلف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت کیمرج وکیل نے امتحانات کے طریقہ کار سے متعلق دستاویزات پیش کردیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اے لیول 10 مئی اور او لیول کے 26 مئی کو امتحانات ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور، اسلام آباد، پشاور ہائی کورٹ میں بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں، لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، لاہور ہائی کورٹ فیصلے کا انتظار کرلیا جائے، ملک بھر کے طلبہ و طالبات نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال زیادہ خطرناک ہے، اس صورت حال میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار بہتر رہے گا، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ پورے ملک پر ہی نافذ ہوگا، اطلاع ہے لاہور ہائی کورٹ آج ہی فیصلہ سنانے جا رہی ہے، استدعا ہے کہ سماعت کل تک ملتوی کردی جائے، اگر امتحانات ہوں گے تو پورے ملک میں ہوں گے، اگر امتحانات نہیں ہوئے تو پورے ملک میں نہیں ہوں گے۔ دوران سماعت سندھ حکومت کے وکیل نے بھی ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے موقف کی تائید کی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ وفاقی، صوبائی حکومتوں کا موقف آچکا، درخواست گزاروں  کے وکلا اپنے دلائل دیں۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کورونا کے باعث فزیکل امتحانات ممکن ہی نہیں، دنیا بھر میں امتحانات ملتوی ہوئے، فزیکل امتحانات پر طلبہ، طالبات اور والدین کے شدید تحفظات ہیں، برطانوی حکومت تین ماہ قبل اے لیول، او لیول امتحانات ملتوی کرچکی، 25 فروری کو برطانوی حکومت نے کیمرج کے امتحانات ملتوی کیے، نہ صرف کیمرج بلکہ آکسفورڈ تک نے اپنے امتحانات ملتوی کیے، یو اے ای اور دیگر حکومتوں نے بھی امتحانات ملتوی کیے۔ کیمرج کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ یو اے ای سے متعلق درخواست گزار کے وکیل غلط بیانی کر رہے ہیں، عدالت موقع دے تو عالمی تناظر میں حقائق بتانا چاہتا ہوں۔ درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سعودی عرب، عمان میں بھی جون میں اے لیول، او لیول امتحانات ملتوی ہوئے، یہ وہ سب ممالک ہیں جن کے حالات پاکستان جیسے ہیں، بنگلہ دیشں، کویت بھی امتحانات ملتوی کردی، بھارت، ترکی اور تھائی لینڈ نے متبادل طریقہ کار کا انتخاب کیا، پاکستان واحد ملک ہے جو امتحانات ملتوی نہیں کر رہا، حالاں کہ پاکستان میں دیگر ممالک سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، وفاقی وزیر تعلیم نے اپنی ٹوئٹس میں امتحانات آگے بڑھانے کی بات کی، وفاقی وزیر صحت نے خبردار کیا کہ جون کو کورونا پیک پر ہوگا، پہلی بار کورونا کی وبا  بچوں میں منتقل ہو رہی ہے، ایک جانب ملک بند کرنے دوسری جانب امتحانات کرانے کا اعلان کیا جا رہا ہے، اسد عمر نے اعلان کیا کہ شہر بند کرنے پڑیں گے، ایک تا آٹھویں کلاسز تک حکومت نے متبادل طریقہ کار اختیار کیا، 99 فیصد لٹریسی ریٹ والے ممالک نے امتحانات ملتوی کیے۔ کیمرج کے وکیل کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں ٹیچر اسسمنٹ ہوگی وہ 2019 کے تحت کریں گے، برٹش کونسل خود ایس او پیز پر عمل کروا رہی ہے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ دیگر فریقین کو سن کر فیصلہ کریں گے۔