وزیراعظم سے ہم خیال گروپ کی ملاقات،جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد

آپ لوگ مجھ پر بھروسہ رکھیں، جہانگیر ترین کے ساتھ ہر صورت انصاف ہوگا،عمران خان

شہزاد اکبر بہترین کام کررہے ہیں، میں ان کی کارکردگی سے مطمئن ہوں،وزیر اعظم نے ہم خیال گروپ کی استدعا مسترد کر دی

وزیراعظم سے اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، انہوں نے یقین دلایا کہ کسی سے زیادتی نہیں ہو گی، معاملات کے حل کیلئے وقت مانگا ہے، راجہ ریاض

ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے اورمطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم بنائیں، نذیر چوہان کی میڈیا سے گفتگو

جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے جسٹس ساحر علی، تصدق جیلانی اور ناصر الملک پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا کی ،ذرائع

اسلام آباد (ویب  نیوز) وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کی جانب سے جسٹس ساحرعلی، تصدق جیلانی اور ناصرالملک کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا  مسترد کر دی۔ وزیراعظم عمران خان نے ہم خیال گروپ کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ہر صورت انصاف ہوگا۔ جہانگیر ترین کے حامی ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کی جانب سے تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کا دعوی کیا ہے۔منگل کووزیراعظم عمران خان سے جہانگیر کے ہم خیال گروپ کے ارکان نے ملاقات کی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی شرکت کی۔ ارکان نے وزیراعظم کے سامنے اپنا موقف پیش کیا اور جہانگیر ترین کے خلاف شوگر اسکینڈل مقدمات پر تحفظات کا اظہار کیا۔وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کیلئے آئے وفد کی توجہ سے گفتگو سنی لیکن جہانگیر ترین کے حوالے سے کمیشن بنانے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہم خیال گروپ کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ آپ لوگ مجھ پر بھروسہ رکھیں، کسی کیساتھ بے انصافی نہیں ہوگی۔دوسری جانب وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہم خیال گروپ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ وزیراعظم سے اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ کسی سے زیادتی نہیں ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے معاملات کے حل کیلئے وقت مانگا ہے۔راجہ ریاض نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا جہانگیر ترین کیس کی خود مانیٹرنگ کروں گا ہمیں اپنے کپتان پر پورا یقین ہے ۔ اس کے علاوہ شہزاد اکبر کا معاملہ بھی وزیراعظم کے علم میں لایا گیا، تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ مجھ پر چھوڑ دیں۔راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ سب لوگ میرے ساتھی ہیں، کسی مخالف کیساتھ بھی ناانصافی نہیں ہوگی، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔راجہ ریاض نے کہا کہ ہمیں اپنے کپتان پر اعتماد ہے کہ وہ انصاف کریں گے۔بعدازاں ایم پی اے نذیر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی اور ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم بنائیں۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے جسٹس ساحر علی، تصدق جیلانی اور ناصر الملک پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا کی لیکن وزیراعظم نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے امید رکھیں ہر صورت انصاف ہوگا۔ہم خیال گروپ نے شہزاد اکبر کو جہانگیر ترین کے کیسز کے معاملے سے الگ کرنے کی درخواست کی لیکن وزیراعظم نے یہ درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر بہترین کام کررہے ہیں، میں ان کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔