اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پی آئی اے کا خصوصی طیارہ چین سے انسداد کورونا ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔

قومی ایئر لائینز کی پہلی پرواز ویکسین لے کر صبح 7 بجکر 30 منٹ پر بیجنگ سے اسلام آباد پہنچی۔ حکام کے مطابق دوسری پرواز دوپہر 12 بجے جبکہ پی آئی اے کی تیسری خصوصی پرواز رات 12 بجے اسلام آباد متوقع ہے۔ خصوصی پروازیں حکومت پاکستان کی ہدایت پر چلائی جا رہی ہیں۔ تینوں پروازوں کے ذریعے دس لاکھ ویکسین پاکستان لائی جائیں گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 151 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 680 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 15 ہزار 711 ہوگئی۔