انڈس موٹر کمپنی کے رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کیلئے شاندار مالیاتی نتائج کا اعلان
کراچی: (ویب نیوز )
انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز نے 31 مارچ، 2021کو ختم ہونے والی سہ ماہی اور نو ماہ کیلئے کمپنی کے مالیاتی نتائج جاری کردیے۔
31مارچ، 2021 کو ختم ہونے والی سہ ما ہی کیلئے کمپنی کی CKD اور CBU کی مشترکہ فروخت48.3فیصد اضافہ کے ساتھ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 11,209 یونٹس کے مقابلے میں 16,626 یونٹس رہی۔ مزید برآں 31 مارچ، 2021 کو ختم ہونے والے نو ماہ کیلئے فروخت 67.5 فیصد اضافہ کے ساتھ 42,988 رہی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 25,662 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔
31 مارچ،2021 کو ختم ہونے والے نو ماہ کیلئے کمپنی کاخالص منافع 73فیصداضافہ کے ساتھ131.16بلین روپے رہا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کیلئے یہ منافع75.83 بلین روپے تھا۔ بعداز ٹیکس منافع69 فیصد اضافہ کے ساتھ گزشتہ سال کی اسی مدت کے4.98 بلین روپے کے مقابلے میں 8.42بلین روپے رہا۔
فروخت کا بلند حجم، ڈیپازٹس اور سرمایہ کاریوں سے حاصل منافع میں اضافہ نو ماہ کی مدت کیلئے خالص منافع میں اضافہ کی وجہ بنا جس سے کمپنی کے زر نقد فنڈ کی پوزیشن بہتر ہوئی۔ مادی لاگت میں اضافہ کے نتیجہ میں کمپنی کا مجموعی مارجن میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے10.3 فیصد کے مقابلے میں 8.2فیصد رہا ۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او آئی ایم سی، علی اصغر جمالی نے کہا”مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ معمول کی کاروباری سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں ۔ حقیقت میں مارچ2021 میں آئی ایم سی میں بلند ترین پیداوار کا مہینے رہا جس کی وجہ عالمی سپلائی چین میں تعطل میں بہتری ہے۔“
انہوں نے مزید کہا”آئی ایم سی نے ہمیشہ ”میک ان پاکستان“ کی وکالت کی ہے اور اس پالیسی کے فروغ کیلئے حکومتی کوششوں کو سراہتی ہے۔ہم حکومت سے نئی آٹوپالیسی2021-2021 تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہیں جس سے برقی گاڑیوں کیلئے دی گئی مراعات کے علاوہ ایچ ای وی ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیار ی کی حوصلہ افزائی ہوگی اور نہ صرف او ای ایم کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں بلکہ مقامی طور پر پرزہ جات بنانے کی حوصلہ افزائی ہو۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سہ ماہی کیلئے 30روپے فی حصص کے عبوری منافع کی تقسیم اور31مارچ، 2021 کو ختم ہونے والے نو ماہ کیلئے 67روپے فی حصص کے مجموعی ڈیونڈنڈ کا اعلان کیا۔