اپریل میں پاکستانی برآمدات 2 ارب 19 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں،عبدالرزاق دائود

جولائی تا اپریل 2021میں برآمدات 13فیصد اضافہ کے ساتھ 20ارب 87کروڑ ڈالر سے زائد رہیں، مشیر تجارت

کراچی(ویب  نیوز)مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ اپریل میں پاکستانی برآمدات 2ارب 19کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مشیر تجارت عبدالرزاق داد نے بتایا کہ 2011کے بعد پہلی بار 7ماہ لگاتار ہر ماہ برآمدات 2ارب ڈالر سے زائد رہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصہ کے مقابلے میں برآمدات میں 129فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ہمارے برآمدکنندگان کو مشکل حالات میں برآمدات بڑھانے کا کریڈٹ جاتا ہے، گزشتہ مالی سال کے 10ماہ میں برآمدات 18ارب 40کروڑ ڈالر تھیں، جبکہ جولائی تا اپریل 2021میں برآمدات 13فیصد اضافہ کے ساتھ 20ارب 87کروڑ ڈالر سے زائد رہیں۔