قیامت خیز مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، معیشت کی تباہی کے باوجود حکومت کو احساس تک نہیں کہ کتنا نقصان ہوچکا ہے

دوراندیشی پر مبنی حکمت عملی کا اب بھی فقدان ہے، حکومت اب بھی سنگین مسائل پر توجہ دینے میں سنجیدہ نہیں،ارکان پارلیمان سے گفتگو

لاہور(ویب ڈیسک)

قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکمران عوام پر ترس کریں، چینی کے لیے قطار میں کھڑی مائوں بہنوں کو توہین سے نجات دلائیں۔ارکان پارلیمان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ آٹا، چینی نہ لوٹا جاتا تو آج قوم کو دھکے نہ کھانے پڑتے۔انھوں نے کہا کہ حکمران عوام پر ترس کریں، چینی کے لیے قطار میں کھڑی ماں بہنوں کو توہین سے نجات دلائیں۔خیبر پختونخوا کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں میں لوگ قطاروں میں کھڑے ہوتے ہیں لیکن آٹا نہیں مل رہا۔انھوں نے سوال اٹھایا کہ عوام کو عزت ایسے دی جاتی ہے؟ ملک میں مہنگائی کی ستائی عوام کی رمضان میں بددعائوں سے خوف آتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ قیامت خیز مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، معیشت کی تباہی کے باوجود حکومت کو احساس تک نہیں کہ کتنا نقصان ہوچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بروقت ویکسین کے حصول کی تیاری نہ کر کے قوم کو خطرے میں ڈالا گیا، کورونا وائرس سے متعلق پورے انتظامات نہیں ہوسکے۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ دوراندیشی پر مبنی حکمت عملی کا اب بھی فقدان ہے، حکومت اب بھی سنگین مسائل پر توجہ دینے میں سنجیدہ نہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کا غصہ ضلعی انتظامیہ کی خاتون افسر پر نکالنا قابل مذمت ہے۔