دی بینک آف پنجاب اور اخوت مائیکروفنانس کے مابین حکومتی مارک اپ سبسڈی سکیم کے تحت کم
قیمت گھروں کے فروغ کے معاہدے پر دستخط
لاہور (ویب نیوز )
معاہدے پر دستخط کی تقریب دی بینک آف پنجاب کے ہیڈآفس گلبرگ لاہور میں منعقد ہوئی۔ معاہدے کی تقریب میں دی بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود، آصف ریاض گروپ ہیڈریٹیل اینڈ پرائرٹی سیکٹر لینڈنگ نے بی او پی کی نمائندگی کی جبکہ اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کی نمائندگی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر کامران شمس رکن بورڈ آف ڈائریکٹر اور شہزاد اکرم چیف کریڈٹ افسر نے کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ظفر مسعود نے کہا کہ تعمیراتی و رہائشی شعبے کے لیے یہ انقلابی قدم ہے اس طرز کے معاہدوں سے ہمیں عوامی سطح تک مدد پہنچانے کیلئے بہتر رسائی ملے گی۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی او پی نے اس فلاحی مقصد اور دیگر سکیموں کے ذریعے سب پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ انھوں نے کم اور متوسط آمدنی والے افراد کیلئے کم لاگت گھروں کے منصوبے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ظفر مسعود نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیفڈا کی جانب سے رہائشی تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے کیے گے خصوصی اقدامات اور فیصلوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا اس اشتراک کے ساتھ دونوں ادارے پر امید ہیں کہ سماجی طور پر کمزور طبقات کو فنانسنگ کی سہولت پہنچ سکے گی جہاں رہائش کی سب سے زیادہ ضرورت ہے اور فنانسنگ کی سہولت کی کمی ہے۔