ملک میں ہونیوالی مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں، وہ کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے

ڈیل میں اپنی غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں،قوم سے معافی مانگیں،چیئرمین پیپلز پارٹی

کراچی (ویب ڈیسک)

پاکستان پارٹی پیپلزکے چیئرمین بلاول بھٹونے کہا ہے کہ عمران خان آئی ایم ایف ڈیل پر ہماری بات مان لیتے تومعیشت یوں تباہ نہ ہوتی، ڈیل میں اپنی غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں، قوم سے معافی مانگیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں ہونیوالی مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں، وہ کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے۔ عمران خان کے پاس ایک اہل حکمران والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں، پہلے انہوں نے آئی ایم ایف معاہدے سے گریز کا دفاع کیا، پھر تاخیر سے معاہدہ کر کے غلط ڈیل کا دفاع کیا، بعد میں اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان غلطیاں کرتے ہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں ، پھر یہ وہی غلطیاں دہراتے ہیں۔ یہ ملک ہے کوئی کلاس روم نہیں۔ عمران خان کے آئی ایم ایف کی ہدایت پر مزید ٹیکس کے ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کیا۔ آئی ایم ایف کے تنخواہ دارملازموں کوعوام کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے۔