ایف بی آرسیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 30 مئی 2021 تک توسیع کرے ۔کے سی سی آئی

کراچی(ویب  نیوز)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے حکومت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے اپریل 2021کی ٹیکس مدت کے لیے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 30 مئی 2021 تک توسیع کرے کیونکہ اکثریت ٹیکس گزار آج ختم ہونے والی ڈیڈ لائن سے پہلے اپنے ریٹرن جمع نہیں کروا سکے۔ایک بیان میں چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) اور سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا نے ایف بی آر سے سیلز ٹیکس اور ایف ای ریٹرن جمع کروانے کے لیے آخری تاریخ میں توسیع کی اپیل کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ تاجر برادری حال ہی میں مسلسل آٹھ دن تک طویل تعطیلات سے گزری ہے جبکہ بھاری بھرکم کارگوجہاز کے مصر کی سوئز نہر میں پھنس جانے کی وجہ سے ایک اہم بحری راستہ بری متاثر ہوا جس کی وجہ سے کراچی پورٹ پر کنٹینرز کی آمد میں بھی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے نتیجے میں مئی کے پہلے ہفتے میں جن کنٹینرز کی برآمدات کی جانی تھیں ان میں بھی کم از کم دو ہفتوں کی تاخیر ہوئی جو برآمد کنندگان کے لیے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جو پہلے ہی کورونا وبائی مرض کی جاری تیسری لہر اور 8 دن سرگرمیاں بند رہنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال کی وجہ سے پہلے ہی شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔صدر کے سی سی آئی شارق وہرہ نے چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد کو ارسال کیے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس اور ایف ای ریٹرن فائل کرنے کے لیے ایف بی آر نے صرف 3 دن کی برائے نام توسیع کا اعلان کیا تھا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا کیونکہ عموماً تعطیلات کے بعد بہت سے کاروبار کو معمول پر آنے میں وقت لگتا ہے لہٰذا ٹیکس دہندگان کی اکثریت اعلان کردہ چند دنوں پر مبنی محدود توسیع کے دوران ماہ اپریل 2021 کے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ریٹرن تیار اور جمع نہیں کروا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ تجارت و صنعت کے لیے مجموعی طور پر صورتحال سازگار نہیں ہے کیونکہ بہت ہی محدودکاروباری سرگرمیوں کی وجہ سے آج کل ہر شخص کو سرمائے کے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لہٰذا ایف بی آر کو سیلز ٹیکس کی ادائیگی اور ایف ای ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 30 مئی 2021 ء تک بڑھانی ہی ہو گی۔