پشاور (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ریسرچ کے ادارے کے بجٹ کو ڈھائی ارب روپے پر لے گئے ہیں۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ سائنس و ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ریسرچ پر پاکستانی عوام کے ٹیکس کا پیسہ لگتا ہے، صاف پانی پائلٹ پراجیکٹ پر اسلام آباد میں کام کا آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ صرف تحقیق کافی نہیں عملی اقدامات بھی کرنا ہوں گے، وزیرِ اعظم عمران خان ملک میں شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم نہیں چاہتے کہ لوگ الیکشن کے نتائج کو تسلیم نہ کریں، الیکٹرانک ووٹنگ سے ہیرا پھیری نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لیے سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈ ہونا ضروری تھا، 70 لاکھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی الیکٹرانک ووٹ ڈال سکیں گے۔