بجٹ کی منظوری کیلئے جہانگیر ترین گروپ کے تمام ووٹ حمایت میں پڑیں گے ،شیخ رشید

 عمران خان مقدر کے سکندر ہیں ،میں اس ملک میں عمران خان کی کوئی اپوزیشن نہیں دیکھ رہا

ای سی ایل سے ناکام نکالنے کیلئے 15 روز ہوتے ہیں جو گزر چکے اور شہباز شریف کی درخواست موصول نہیں ہوئی

نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوگئے جس کا دکھ عمران خان کو بھی بہت زیادہ ہے،میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(ویب  نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ  بجٹ کی منظوری کے لیے جہانگیر ترین گروپ کے بھی تمام ووٹس حمایت میں پڑیں گے،عمران خان مقدر کے سکندر ہیں جنہیں اتنی نااہل اور نکمی اپوزیشن ملی ۔ اسلام آباد کے جی نائن مرکز میں ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے نسبت پاکستان میں ویکسینیشن کی صورتحال بہتر ہے اور لوگوں میں اب اس کا رجحان پیدا ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے لوگ ویکسینیشن کے خلاف تھے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا تھا لیکن اب دنیا ویکسینیشن کی جانب جارہی ہے اور یہ کم سے کم مدت میں مکمل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے خلاف ڈبلیو ایچ او نے پاکستان میں زبردست کام کیا، تمام ہیلتھ ورکز کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان کے طبی عملے نے کورونا کے خلاف تاریخ رقم کی، کورونا سے جاں بحق ڈاکٹرز شہادت کے رتبے پر فائز ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے جنرل حماد، وفاقی وزیر اسد عمر اور خاص کر وزیراعظم عمران خان کو کریڈٹ دوں گا کہ اس قسم کی معیشت میں بھی ویکسینیشن کرائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں بالخصوص اتر پردیش، مہاراشٹر، سی پی کی صورتحال دیکھیں وہاں بورڈ لگے ہوئے ہیں کہ 7 روز تک ویکسینیشن نہیں ہوسکتی لیکن پاکستان میں کہیں ”نو ویکسینیشن”کا بورڈ نہیں لگا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران، سعودی عرب کی جانب سے صرف مخصوص ویکسینیشن کو منظوری دینے پر متعلقہ حکام سے بات کریں گے وہ اس مسئلے کو خود دیکھ رہے ہیں۔ ترین گروپ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کے لیے جہانگیر ترین گروپ کے بھی تمام ووٹس حمایت میں پڑیں گے، عمران خان مقدر کے سکندر ہیں ،میں اس ملک میں عمران خان کی کوئی اپوزیشن نہیں دیکھ رہا، اتنی نااہل، نالائق اور نکمی اپوزیشن میں نے نہیں دیکھی کہ دسمبر میں انہوں نے ڈیڈ لائن دی تھی اور اب بجٹ بھی پیش ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت سے مجھے پوری توقع ہے کہ مزدوروں کی تنخواہوں اور پینشن میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوگئے جس کا دکھ عمران خان کو بھی بہت زیادہ ہے لیکن شہباز شریف کو روک دیا گیا اور ای سی ایل میں اندراج کے خلاف درخواست دینے کے 15 روز ہوتے ہیں جو گزر چکے اور کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ انہوںنے کہا کہ جے یو آئی (ف) جانے، ن لیگ جانے، آپس میں جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے، عمران خان خوش نصیب شخص ہے کہ جسے ایسی نکمی اپوزیشن ملی۔