ملک بھر میں بجلی کا بحران ،شارٹ فال 5000 میگا واٹ تک پہنچ گیا

بجلی کی مجموعی پیداوار 19  ہزارمیگاواٹ اور طلب 24 ہزار میگاواٹ ہے پاور ڈویژن

کم پانی کے اخراج کی وجہ سے تربیلااورمنگلا سے 3300 میگاواٹ کی کم بجلی پیدا ہو رہی،ترجمان وزارت توانائی

ملک بھر میں 8 گھنٹے تک غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ، شہری سراپا احتجاج بن گئے

اسلام آباد ( ویب نیوز) ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین ہو گیا ،شارٹ فال 5000 میگا واٹ تک پہنچ گیا، لوڈشیڈنگ کے باعث عوام سراپا احتجاج بن گئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا ، اور مجموعی شارٹ فال 5000 میگا واٹ تک پہنچ گیا، اور متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 19  ہزارمیگاواٹ اور طلب 24 ہزار میگاواٹ ہے، اور ملک بھرمیں 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کا سسٹم اوورلوڈڈ ہے، 80 فیصد ٹرانسفارمراوورلوڈڈ ہیں، طلب بڑھنے کے باعث فیڈرزٹرپ کررہے ۔دوسری جانب ترجمان وزارت توانائی نے کہا کہ کم پانی کے اخراج کی وجہ سے تربیلااورمنگلا سے اس وقت 3300 میگاواٹ کی کم بجلی پیدا ہو رہی ہے، ملک کی کل بجلی کی ڈیمانڈ 24100 میگاواٹ جب کہ سسٹم میں موجود پیداوار 22600 میگاواٹ ہے، تقسیم کار کمپنیوں کو نظام بہتر بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں، بجلی کی پیداوار آنے والے دنوں میں بڑھ جائے گی، بجلی صارفین سے عارضی طور پر لوڈ مینجمنٹ پرمعذرت خواہ ہیں، اور گذارش کرتے ہیں بجلی استعمال میں اعتدال اپنائیں۔ ملک کے متعدد علاقوں میں تقریباً 8گھنٹے تک غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، لوڈشیڈنگ کے باعث عوام سراپا احتجاج بن گئے۔