لاہور ،ریسٹورنٹ سے مفت کھانا کھانے والا ایس ایچ او اور تھانے کا عملہ معطل

ریسٹورنٹ عملے نے مفت کھانا دینے سے انکارکردیا جس پر ایس ایچ او نے ریسٹورنٹ کے 16 ملازمین کو حراست میں لے لیا

واقعہ کی اطلاع پرآئی جی پنجاب انعام غنی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ڈیفنس سی حماد اختر اور ملوث تھانے عملے کو معطل کردیا

لاہور (ویب  نیوز) ریسٹورنٹ کے 16 ملازمین کو حراست میں لے کر مفت کھانا کھانے والا ایس ایچ او ڈیفنس سی معطل کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز سکس میں نجی ریسٹورنٹ سے مفت کھانا کھانے اور ریسٹورنٹ کے عملے کر یرغمال بنانے والا ایس ایچ او ساتھیوں سمیت معطل کردیا گیا ۔ ایس ایچ او ڈیفنس سی اپنے دوستوں کو دعوت پر لایا تھا ، تاہم ریسٹورنٹ عملے نے ایس ایچ او کو مفت کھانا دینے سے انکارکردیا جس پر ایس ایچ او غصے میں آگیا، اوراس نے ریسٹورنٹ کے 16 ملازمین کو حراست میں لے لیا، جب کہ ملازمین کو جان بوجھ کر ریسٹورنٹ بھی  بند نہ کرنے دیا۔واقعہ کی اطلاع  آئی جی پنجاب انعام غنی تک پہنچ گئی تو انہوں نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ڈیفنس سی حماد اختر کو معطل کردیا، جب کہ اس کے ساتھ ملوث تھانے کا عملہ بھی معطل کردیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں، واقعہ میں ملوث تمام اہلکاروں کو سزا دی جائے گی۔