ہم نے آئندہ مالی سال کے دوران کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، رواں سال 4700 ارب کے ٹیکس محصولات کی توقع ہے، وقار مسعود کی میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے متفقہ طورپر نیشنل الیکٹرک سٹی پالیسی کی منظوری دی ہے نئی پالیسی کے تحت قوم کو سستی بجلی فراہم ہوگی،یہ ایک تاریخی دن ہے کہ تمام صوبوں نے متفقہ طور پر اس پالیسی کی منظوری دی ہے اس پالیسی کے تحت شفاف انداز میں نئے توانائی منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس کے بعد معاون خصوصی وقار مسعود کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اس اجلاس میں نیشنل سٹی پالیسی2021 کی متفقہ طورپر منظوری دی گئی ہے نئی الیکٹرک سٹی پالیسی آئندہ دس سال کے لئے ہے اس پالیسی کے تحت صوبوں سے مل کر اصول وضع کیے گئے ہیں اس پالیسی پر تمام صوبوں کے ساتھ 100 سے زائد اجلاس ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ  دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس نئی پالیسی کی روشنی میں ذیلی شعبوں کے لئے 10 سے 12پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی اس پالیسی کے تحت کھلے عام بولی کے ذریعے منصوبے منظوری کے بعد پاور پلانٹس میں شامل ہوں گے۔ ان منصوبوں میں ہائیڈل کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ آج ایک تاریخی دن ہے کہ سارے صوبوں نے متفقہ طورپر نئی الیکٹرک پالیسی کی منظوری دی ہے اگرچہ اس کے اثرات 5 یا 10 سال بعد سامنے آئیں گے لیکن اس سے عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی ملے گی اس سال ہم نے بجلی کی تقسیم کار نظام کو بہتر بنانے کیلئے 100 ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کیے ہیں جو پچھلے 3 سال کے تمام فنڈز سے زیادہ ہیں۔ نئی پالیسی میں متعین کردہ اصولوں کی بنیاد پر نیا نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا جائے گا جبکہ معاون خصوصی ریونیو وقار مسعود نے کہاکہ ہم نے آئندہ مالی سال کے دوران کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ۔ بجٹ میں بعض ٹیکس استثنیٰ ختم کی گئیں اور ٹیکس کی سطح میں ردوبدل کیا گیا۔ ریٹیل کی سطح پر ٹیکس کے حوالے سے خاصی بحث کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں بڑے سٹورز کی 10ہزار شاخوں میں الیکٹرانک پیمنٹ مشینیں رجسٹرڈ ہیں۔ اعدادو شما سے پتا چلا کہ ملک میں 10ہزار سٹورز یا دکانوں میں الیکٹرانک پیمنٹ مشینیں نصب ہیں ہم نے ریٹیلرز پر نیا ٹیکس نہیں لگایا انہیں ٹیکس دائرے میں لانے کا اقدام کیا۔ وقار مسعود نے کہاکہ رواں سال 4700 ارب کے ٹیکس محصولات کی توقع ہے جبکہ اگلے مالی سال 5300 ارب روپے کے ٹیکس جمع ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے مالی سال وفاق صوبوں کو 700 ارب روپے اضافی فراہم کرے گا۔