کراچی (ویب ڈیسک)

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے مطالبات کی عدم منظوری کے باعث ملک گیر ہڑتال کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل معطل رہی اور ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت سے مطالبات کی منظوری کیلئے ملاقات کا وقت مانگا تھا۔ حکومت نے مطالبات مانے نہ ہی ملنے کا وقت دیا۔ہڑتالیوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں کاروبار کرنے سے قاصر ہیں۔ انکم ٹیکس کی شرح 3 سے کم کر کے 2 فیصد کی جائے۔ انکم ٹیکس ودہولڈنگ ریٹ 3.5 سے2.5 فیصد کیا جائے۔مطالبہ ہے کہ انکم ٹیکس ود ہولڈنگ ایجنٹ ریٹ میں بھی ایک فیصد کمی کی جائے۔ آئل کمپنیوں کو 15 دن میں ادائیگی کا پابند کیا جائے۔ غیر قانونی لوڈنگ کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وائٹ آئل پائپ لائن شروع ہونے پر ٹینک لاری کو روڈ کا شیئردیا جائے۔ کمرشل لوڈنگ روکنے کا اوگرا نوٹیفکیشن پر عمل کیا جائے۔جنرل سیکریٹری آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے کہا کہ  اوگرا کی جانب سے کمرشل اورغیر قانونی لوڈنگ پر پابندی  ہے، اس کے باوجود روکا نہیں جارہا۔