ریاض  (ویب ڈیسک)

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ اب تک 70 فی صد سے زیادہ بالغ آبادی کو کووِڈ19کی ویکسین کا ایک ایک ٹیکا لگایا جا چکاہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سرکاری اعدادوشمارمیں بتایاگیاکہ اب تک سعودی عرب میں ایک کروڑ 68 لاکھ سے زیادہ افراد کو کووِڈ19کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے۔سعودی وزارتِ صحت کا کہنا تھا کہ 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو اب دوسری خوراک لگانے کی مہم شروع کردی گئی ہے ،اس کے علاوہ جن افراد کو ابھی تک ویکسین کی پہلی خوراک نہیں لگی،انھیں یہ پہلا انجیکشن لگانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔وزارت صحت کے مطابق الریاض، جدہ، الدمام اور مدینہ منورہ کے ویکسین مراکز میں کووِڈـ19 کی ویکسین کی دوسری خوراک لگانے کی تاریخوں کو ری شیڈول کردیا گیا ہے۔دریں اثنا سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے متعدی امراض نے لوگوں کو اب کووِڈ19کی دو مختلف ویکسینوں کی پہلی اور دوسری خوراک لگانے کی حکمتِ عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سعودی وزارت صحت نے بتایا کہ قومی کمیٹی برائے متعدی امراض نے یہ فیصلہ بین الاقوامی سائنسی مطالعات کی روشنی میں کیا ہے۔ان میں کووِڈ19کی دو مختلف ویکسینوں کو پہلی اور دوسری خوراک کے طور پرلگانے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا ہے۔ان کے نتائج سے ثابت ہوا ہے کہ کروناوائرس کا شکار ہونے سے بچنے کے لیے دومختلف ویکسینوں کی دو خوراکیں محفوظ اور موثرہیں اور اس طرح کسی دوسری ویکسین کی دوسری خوراک کے وہی مفید نتائج ہوسکتے ہیں جو ایک ہی ویکسین کی ایک فرد کو لگائی گئی دونوں خوراکوں کے ہوسکتے ہیں۔