پاکستانی حکومت نے انسداد دہشت گردی فنانسگ نظام کو مضبوط اور موثر بنانے کے لیے بہتر کام کیا ہے
ہم تمام ملکوں کو برابر سمجھتے ہیں،پاکستان کو تمام 27 اہداف حاصل کیے بغیر گرے لسٹ سے نہیں نکالا جا سکتا
بھارت میںیورینیئم چوری کے تناظر میں صورت حال کا جائزہ مکمل کیے بغیر جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں،صدر فیٹف کی پریس کانفرنس
پیرس (ویب ڈیسک)
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف)نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ،فیٹف کے صدر مارکس پلیئر نے کہا کہ گھانا کو گرے لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ پاکستان بدستور گرے لسٹ میں رہے گا۔ایف اے ٹی ایف کے صدر مارکوس پلیئر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اجلاس میں کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گھانا نے گرے لسٹ کے حوالے بہتر کام کیا ہے اور اس کو گرے لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بدستور نگرانی میں رہے گا، پاکستانی حکومت نے انسداد دہشت گردی فنانسگ نظام کو مضبوط اور موثر بنانے کے لیے بہتر کام کیا ہے۔صدر ایف اے ٹی ایف نے کہا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 نکات پر کام کیا ہے تاہم ایک پوائنٹ پر کام کرنا ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 2019 میں ایف اے ٹی ایف کے ریجنل پارٹنر نے پاکستان کے انسداد منی لانڈرنگ اقدامات کی نشان دہی کی تھی لیکن اس کے بعد بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے خدشات اب بھی موجود ہیں اور اس حوالے سے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان سے بات بھی کی تھی، پاکستان کی پیش رفت پر اطمینان ہے، پاکستان کو سزا کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ایف اے ٹی ایف کے مطابق یو این کے نامزد کردہ 1373 دہشت گردوں کو سزائیں دینا ہوں گی، پاکستان کو آخری شرط سے منسلک 6 نکات پر عمل کرنا ہوگا۔صدر ایف اے ٹی ایف نے کہا کہ ہم تمام ملکوں کو برابر سمجھتے ہیں،پاکستان کو تمام 27 اہداف حاصل کیے بغیر گرے لسٹ سے نہیں نکالا جا سکتا۔ صحافی نے صدر ایف اے ٹی ایف سے سوال کیا کہ بھارت میں یورینیئم چوری کے تناظر میں ایف اے ٹی ایف کی کیا پالیسی ہے ؟ جس پر جواب دیتے ہوئے صدر ایف اے ٹی ایف نے کہا کہ بھارت میں صورت حال کا جائزہ مکمل کیے بغیر جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان نے فروری 2021 میں اپنی تیسری پیش رفت رپورٹ ایف اے ٹی ایف میں پیش کی تھی جس کا جائزہ لیا گیا تھا اور پاکستان کو بدستور گرے لسٹ میں رکھا گیا۔رواں ماہ کے اوائل میں منی لانڈرنگ سے متعلق ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی)نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت کے خلاف ایف اے ٹی ایف کی 40 تکنیکی سفارشات میں سے 21 میں پاکستان کی درجہ بندی بہتری ظاہر کردی تھی۔