ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری طبقے کی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں،چیئرمین نیب جاوید اقبال
احتساب کے عمل میں شفافیت اور غیر جانبداری کو ہر صورت برقرار رکھا جائے،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے چیئرمین نیب نے ملاقات کی، جس میں جاوید اقبال نے صادق سنجرانی کو نیب کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور ملک میں جاری احتسابی عمل سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی، اس موقع پر چیئرمین نیب نے چیئرمین سینیٹ کو نیب کی سالانہ رپورٹ برائے 2020 پیش کی۔جسٹس جاوید اقبال نے صادق سنجرانی کو ملک میں جاری احتسابی عمل کو زیادہ شفاف اور موثر بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتسابی عمل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ، ہمارا ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری طبقے کی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کرپشن کے خاتمے سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول میسر ہوگا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ احتساب کے عمل میں شفافیت اور غیر جانبداری کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، احتسابی عمل کے نتیجے میں تاجر اور کاروباری طبقے کے ہراساں ہونے کے تاثر کی نفی ہونی چاہیے۔