وزیراعظم عمران خان کاایرانی نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی سے ٹیلی فونک رابطہ
صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد سمیت افغانستان ،کشمیر وفلسطین  کے معاملے پر گفتگو ہوئی

اسلام آباد(ویب  نیوز)وزیراعظم عمران خان نے ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ نو منتخب ایرانی صدر کی کامیابی ایرانی عوام کا ان کی قیادت و منشور پر اعتماد کا مظہر ہے۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان کیا اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران سرحد پر مارکیٹس کے قیام سے معاشی و سماجی مفادات کو فروغ ملے گا وزیراعظم عمران خان نے علاقائی تناظر میں کشیدہ افغان سیکیورٹی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی بگڑتی صورتحال پاکستان اور ایران کے لیے تشویش کا باعث بن سکتی ہے وزیراعظم نے مزید کہا کہ افغان صورتحال کے باعث دونوں ممالک کی سرحدوں پر مہاجرین کا دباؤ بڑھے گا۔وزیراعظم عمران خان نے ایک دفعہ پھر افغان مسئلہ سیاسی مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے افغان فریقین پر قیام امن کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی بھر پور حمایت پر اظہار تشکر کیا۔دونوں رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر و فلسطین سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح باہمی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے  کو اپنے ممالک کے دورے کی دعوت دی۔