ایکسپو سینٹر حیدرآباد میں مقامی زرعی پیداوار ، مویشیوں کی صنعت ، دستکاری اور مقامی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ چیف سیکریٹری سندھ

کراچی (ویب ڈیسک)

سندھ حکومت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان نے ایکسپو سینٹر حیدرآباد کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور کمشنر حیدرآباد نے حیدرآباد ایکسپو سنٹر کی بحالی کے ایم او یو پر دستخط کئے۔ سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد تقریب کی صدارت چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ اور ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو عارف احمد خان نے کی۔ تقریب میں سیکریٹری ٹڈاپ احسن منگی، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ڈپٹی سیکریٹری جاوید نبی کوسو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد سندھ کا دوسرا سب سے بڑا معاشی مرکز ہے اور یہ دیگر شہروں کے لئے بھی اقتصادی مرکز ہے۔ ایکسپو سینٹر میں مقامی زرعی پیداوار ، مویشیوں کی صنعت ، دستکاری اور مقامی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہونے مزید کہا کہ ایکسپو سینٹر حیدرآباد قومی اور بین الاقوامی صنعتوں کے لئے اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہوگا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ایکسپو سینٹر کے لئے انتظامی سہولت فراہم کرے گی اور حیدرآباد ایکسپو سینٹر کی بحالی سے مقامی صنعتوں کو فائدہ ہوگا۔ تقریب میں ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو عارف احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کا ایکسپو سینٹر کراچی کو سنبھالنے اور متعدد بین الاقوامی اور ملکی صنعتوں کو فروغ دینے کے تقاریب کے انعقاد کا تجربہ ہے۔