کراچی:بینکنگ محتسب پاکستان نے جنوری تا جون صارفین کی 14,910شکایات نمٹائیں۔ تیس کروڑ پچپن لاکھ روپے زرِتلافی دلوایا
تقریباً 99 فیصد ((14,755 شکایات باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے نمٹا ئی گئیں ۔صرف ایک فیصد (155) تنازعات باقاعدہ احکامات کے ذریعے حل کئے
کراچی(ویب نیوز)بینکنگ محتسب پاکستان نے رواں سال 2021 کی پہلی ششماہی (جنوری تا جون) کے دوران بینکوں کے صارفین کی 14,910شکایات کو نمٹا تے ہوئے انہیں تیس کروڑ پچپن لاکھ روپے کے زرِتلافی کی ادائیگی ممکن بنائی۔ اِن میں سے تقریباً 99 فیصد ((14,755 شکایات فریقین کے مابین باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے نمٹا دی گئیں جبکہ صرف ایک فیصد (155) تنازعات کو باقاعدہ احکامات کے ذریعے حل کیا۔ بینکنگ محتسب پاکستان کے دفتر میں بینکوں کے خلاف موصول ہونے شکایات کی تعداد میں کوئی کمی نہیں دیکھی جارہی ہے۔ اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ بینکنگ محتسب کو یکم جنوری سے30جون 2021 کے دوران قریباً 20,220 نئی شکایات موصول ہوئیں۔ ان میں وہ 13,027 شکایات بھی شامل ہیں جو بینکوں کے خلاف وزیرِاعظم پورٹل پر درج کرائی گئیں۔ رواں سال 2021 کی پہلی ششماہی کے دوران بینکنگ محتسب پاکستان کو بینکوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کی تعداد میں گذشتہ سال 2020 کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 81فیصد اضافہ ہوا۔ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران بینکوں کے خلاف 11,174 شکایات درج کرائی گئی تھیں۔