کراچی: مالی سال 21ء میں ترسیلات ِزرمجموعی بنیاد پر29.4 ارب ڈالر کی سالانہ تاریخی سطح تک پہنچ گئیں

پچھلے برس کی نسبت ترسیلات ِزر میں 27 فیصد کی نمایاں نمو دیکھی گئی جو مالی سال 03ء سے اب تک اضافے کی تیز ترین شرح ہے۔اسٹیٹ بنک

کراچی( ویب نیوز) بینک دولت پاکستان کے مطابق مجموعی بنیاد پر ترسیلات ِزر مالی سال 21ء میں 29.4 ارب ڈالر کی سالانہ تاریخی سطح تک پہنچ گئیں۔ اس سے گذشتہ سال کے مشکل عالمی معاشی حالات کے باوجود ملک کی بیرونی شعبے کی پوزیشن بہتر کرنے میں مدد ملی ہے۔ مالی سال 21ء میں پچھلے برس کی نسبت ترسیلات ِزر میں 27 فیصد کی نمایاں نمو دیکھی گئی جو مالی سال 03ء سے اب تک اضافے کی تیز ترین شرح ہے۔مرکزی بینک کے مطابق کارکنوں کی ترسیلات ِزر کی مد میں 2 ارب ڈالر سے زائد آنے کا ریکارڈ مسلسل تیرہویں مہینے جاری رہا اور جون 2021ء میں تقریباً 2.7 ارب ڈالر (9 فیصد نمو (سال بسال) اور 8 فیصد نمو (ماہ بماہ)) کی رقم آئی۔ عید سے قبل کے زمانے کی موسمی رقوم کی آمد سے جون کے دوران ترسیلات ِزر مزید بڑھنے میں مدد ملی۔مالی سال 21ء کے دوران ترسیلات ِزر زیادہ تر سعودی عرب (7.7 ارب ڈالر)، متحدہ عرب امارات (6.1 ارب ڈالر)، برطانیہ (4.1 ارب ڈالر) اور امریکہ (2.7 ارب ڈالر) سے آئیں۔مجموعی طور پر مالی سال 21ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات ِزر کی ریکارڈ رقوم کی آمد کے اسباب باضابطہ طریقوں کے استعمال کی ترغیب دینے کے لیے حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کووڈ 19 کی بنا پر سرحد پار سفر میں کمی، وبا کے دوران پاکستان کو بھیجی جانے والی فلاحی رقوم اور زر ِمبادلہ مارکیٹ کے منظم حالات تھے۔