افغانستان میں امن کیلئے اس اہم موقع پر  توجہ سیاسی تصفیہ پر مرکوز ہونی چاہئے،ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان نے افغانستان کے نائب صدر کے الزامات مسترد کر دیئے۔ ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان حکومت نے سپین بولدک میں طالبان کیخلاف فضائی کارروائی کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا، پاکستان نے افغان حکومت کے اپنی سر زمین پر کارروائی کا حق تسلیم کرتے ہوئے مثبت جواب دیا، پاکستان نے اپنے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور آبادی کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے اس حوالے سے افغان ایئر فورس کیساتھ کوئی بات چیت نہیں کی، ایسے بیانات پاکستان کی افغان مسئلے کے حل کیلئے مخلصانہ کوششوں پر منفی اثر ڈالتے ہیں، پاکستان نے حال ہی میں 40 افغان سکیورٹی اہلکاروں کو افغانستان واپس کیا، یہ سکیورٹی اہلکار فرار ہو کر پاکستان آگئے تھے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے پر عزم ہے، افغانستان میں امن کیلئے اس اہم موقع پر تمام توجہ سیاسی تصفیہ پر مرکوز ہونی چاہئے۔خیال رہے کہ افغان نائب صدراللہ صالح نے گذشتہ روز الزام لگایا تھا کہ پاکستان نے کابل انتظامیہ کو سپن بولدک میں طالبان کے خلاف کارروائی سے روک دیا ۔