imran khan

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارلحکومت اور راولپنڈی میں شدید بارشو ں کے پیش نظر تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکم دیا ہے  وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے شہریوں کو بارشوں میں احتیاط برتنے کی تاکید کردی۔ وزیراعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے سمیت ہنگامی خدمات کی فراہمی کے ذمہ دار تمام اداروں کوکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح چوکس اور تیار رہنے کے احکامات دے دیئے ہیں ۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح طوفانی بارش سے وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ متعدد گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ پانی گھر میں داخل ہونے سے ماں، بیٹا بھی جان کی بازی ہار گئے۔ایف ٹین، ای الیون اور ڈی ٹوایلیوو کے سیکٹرز سب سے زیادہ متاثر ہوئے، پانی گھروں اور پلازوں میں داخل ہوگیا جبکہ سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہیں ہیں۔ ای الیون ون گھر کی بیسمینٹ میں ماں اور آٹھ سال کا بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ 13 سالہ بیٹی اور 5 سالہ بیٹے کو بچا لیا گیا۔ صورتحال پر شہری انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے خلاف پھٹ پڑے۔راولپنڈی میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح ساڑھے اکیس فٹ تک بلند ہونے پر پاک فوج کے دستے انتظامیہ کی مدد کو پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیوں کے بعد وقتی طور پر صورتحال قابو میں ہے تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات ایک با ر پھر اسی شدت کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہے گا۔