مراکش کے ساتھ تعاون بڑھا کر پاکستان شمالی افریقی ممالک کے ساتھ برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ حامد اصغر خان
تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کیلئے پاکستان اور مراکش براہ راست پروازیں شروع کرنے پر توجہ دیں۔ فاطمہ عظیم
اسلام آباد ( ویب نیوز ) پاکستان مراکش کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے شمالی افریقی ممالک کے ساتھ اپنی برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتا ہے کیونکہ افریقی خطہ پاکستان کیلئے تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے لہذا پاکستان کی تاجر برادری اس سلسلے میں اپنی کوششیں تیز کرے۔ ان خیالات کا اظہار مراکش میں تعینات پاکستان کے سفیر حامد اصغر خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
حامد اصغر خان نے کہا کہ مراکش میں اپنی موجودگی بڑھا کر پاکستان کی تاجر برادری شمالی افریقہ کے خطے کی مارکیٹ بہتر مقام حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مراکش کی بزنس کمیونٹی بھی پاکستان میں خاص طور پر زراعت، کھاد اور دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز قائم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کی ترقی کیلئے مراکش اور شمالی افریقی خطہ پاکستان کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں لہذا پاکستان اس خطے پر مزید بہتر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی سمیت پاکستان کی دیگر ٹریڈ باڈیز دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لانے میں بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مراکش میں پاکستان کا سفارت خانہ ایسی کوششوں کو کامیاب بنانے میں پاکستان کی ٹریڈ باڈیز کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم نے کہا کہ پاکستان چاول، ادویات، ٹیکسٹائل مصنوعات، سرجیکل آلات، فروٹ، رکشے اور موٹر بائیک سمیت اپنی متعدد مصنوعات مراکش سمیت شمالی افریقہ کے ممالک کو برآمد کر سکتا ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور مراکش براہ راست پروازیں شروع کرنے پر توجہ دیں جس سے دونوں ممالک کے باہمی تجارتی تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مراکش میں واقع پاکستان کا سفارت خانہ وہاں کی مارکیٹ اسٹڈی رپورٹس تیار کر کے انہیں پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شیئر کرے تا کہ ہمارے برآمد کنندگان مراکش کی مارکیٹ میں موجود کاروبار کے تمام ممکنہ مواقوں سے بہتر فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے اور سنگل کنٹری نمائشوں کاانعقاد کرنے کیلئے نجی شعبوں کے ساتھ تعاون کریں جس سے باہمی تجارت تعلقات مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خاص طور پر خواتین سے متعلق مصنوعات کی دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک کاروباری خواتین کے مابین بہتر روابط استوار کرنے میں تعاون کریں۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر عبد الرحمن خان، سابق صدر میاں شوکت مسعود، ایگزیکٹو ممبران محمداسلم کھوکھر، محمد شاکر اور حافظ بلال منیر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و مراکش کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے مفید تجاویز پیش کیں۔