پی ٹی اے کا پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں کوالٹی آف سروس سروے

اسلام آباد (  ویب نیوز ): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے 12 شہروں اور 12 شاہراؤں پر کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے کیا جس کا مقصد موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کی کارکردگی اور خدمات کے معیار کو جانچنا ہے۔ یہ سروے کوالٹی آف سروس سروے 2021 کا حصہ ہے اور وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق عوام/صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے کی ایک مسلسل کاوش ہے۔
سروے کے دوران، آواز، نیٹ ورک کوریج، ایس ایم ایس اور موبائل براڈ بینڈ / ڈیٹا کے لائسنسڈ کے پی آئیزکو جانچنے کے لیے نئے خودکار کوالٹی آف سروس مانیٹرنگ اوربینچ مارکنگ ٹول ”اسمارٹ بینچ مارکر”کا استعمال کیا گیا۔ ڈرائیو ٹیسٹ ٹیموں نے سروے کے لئے اہم شاہراؤں، سروس روڈز اور سیکٹرز / کالونیوں کا انتخاب کیا۔
لائسنس اور کوالٹی آف سروس سروے کے ضوابط میں بیان شدہ معیار کے مطابق کے پی آئی کے تھریش ہولڈ کی بنیاد پر سی ایم اوز کو ہر کٹیگری یعنی موبائل نیٹ ورک کوریج، وائس سروس اور ایس ایم ایس سروس میں سروے شدہ شہروں اور موٹر ویز / شاہراہوں پہ پہلی سے چوتھی پوزیشن پر رکھا گیا۔ اسی طرح، موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیکشن میں درجہ بندی سب سے زیادہ ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کی رفتار کے حوالے سے ہے۔
براڈ بینڈ خدمات میں تعمیل کی سطح سب سے زیادہ ہے جبکہ ایس ایم ایس اور آواز کے کے پی آئیزمیں چند مسائل دیکھے گئے جس کے لئے آپریٹرز کو کہا گیا ہے کہ وہ لائسنس کے معیار کے مطابق سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحی اقدامات کریں۔ سروے کے نتائج صارفین کی معلومات کے لئے پی ٹی اے کی ویب سائٹ(https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey)پر موجود ہیں۔
اس سروے کو عام کرنے سے، پی ٹی اے آپریٹرز کے مابین موجودہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے مسابقت کو بڑھا رہی ہے جس کا حتمی مقصد ملک بھر میں موبائل سروس کے معیار کو بڑھانا ہے۔