حسین نواز کی بھی نواز شریف کی ویزہ میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کی تصدیق

اب برطانوی ہوم آفس میں اپیل کریں گے، معاملے کو وکیل دیکھ رہے ہیں، امید ہے کہ ویزے کا معاملہ حل ہو جائے گا،حسین نواز

نواز شریف پاکستان واپس آنے پر جیل میں جائیں گے، فواد چوہدری

لندن(ویب  نیوز) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی برطانیہ کی جانب سے اپنے والد کی ویزہ میں توسیع کی درخواست مسترد کی تصدیق کردی۔حسین نواز نے کہا کہ برطانوی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب برطانوی ہوم آفس میں اپیل کریں گے، معاملے کو وکیل دیکھ رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ ویزے کا معاملہ حل ہو جائے گا، نواز شریف کے پاس 2 آپشن ہیں، ایک تو یہ کہ وہ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ میں فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کریں اور وہاں سے بھی درخواست مسترد ہونے پر وہ لندن کی ہائیکورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری  نے برطانیہ میں نو از شریف کی ویزا توسیع کی درخواست مستردہونے پر کہا ہے کہ نواز شریف کے پاس دو تین آپشنز ہیں، نوازشریف پاکستانی ہائی کمیشن جائیں، عارضی دستاویز لیں جس پرپاکستان آسکتے ہیں، پاکستان واپس آنے پر وہ جیل میں جائیں گے اور کیسز کا سامنا کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جس طرح سے نواز شریف لندن میں گھوم پھر رہے ہیں ظاہر ہے کہ وہ بیمار نہیں ہیں، نواز شریف کو جھوٹ بولنے پر برطانوی عدالتوں سے بھی سزا ہوسکتی ہے، نواز شریف کو واپس آنا چاہیے اور مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف پاکستان سے اربوں روپے لے کر فرار ہوگئے ہیں، نواز شریف پیسے واپس کریں اور آرام سے گھر میں زندگی گزاریں۔