وزیراعظم اورآرمی چیف کا کور ہیڈ کواٹرز پشاور کا دورہ

وزیر اعظم نے یادگار شہداء پرپھول چڑھائے،ملک کی سکیورٹی صورتحال، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی

وزیر اعظم نے بارڈر کنٹرول اور بیرونی سیکیورٹی کے لیے حقیقت پسندانہ اقدامات کو بھی سراہا،آئی ایس پی آر

شاور(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کواٹرز پشاور کا دورہ کیا،گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کو پاک افغان سرحد پر سیکورٹی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا، کور ہیڈ کواٹرز پشاورآمد پر وزیر اعظم نے یادگار شہداء پرپھول چڑھائے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کوملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ضم ہونے والے اضلاع میں جاری سماجی و اقتصادی ترقیاتی  منصوبوں، پاک افغان انٹرنیشنل سرحد پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نے بارڈر کنٹرول اور بیرونی سیکیورٹی کے لیے حقیقت پسندانہ اقدامات کو بھی سراہا جبکہ کورونا ،ٹڈی دل، انسداد پولیو مہم اور شجرکاری مہم میں سول انتظامیہ کی مدد پر بھی مسلح افواج کی تعریف کی ۔