کراچی (ویب ڈیسک)
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل کے چیئرمین عابد نثار نے انڈونیشیا کے 76ویں یوم آزادی پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی انڈونیشن تاجروں کے ساتھ باہمی روابط کو مضبوط کرنے اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کی مشترکہ کوششیں جاری رکھے گی۔ پاکستان طویل عرصے سے انڈونیشیا کے ساتھ شاندار تعلقات سے لطف اندوز ہورہاہے اور امید ہے کہ دوستی کا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔عابد نثار نے انڈونیشیا کے قونصل جنرل ڈاکٹر جون کونکورو ہیڈینیرات کی پاکستان سے دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے قونصلیٹ کی جانب سے پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ پاکستان غیر ملکی تاجروں کو سرمایہ کاری اور مشترکہ شراکت داری کے پرکشش مواقعوں کی پیشکش کرتا ہے جس سے یقینی طور پر انڈونیشین سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے جو دونوں ملکوں کے لیے خوشحالی وترقی کا باعث بنے گا۔انہوں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ( ایف ٹی اے) کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایف ٹی اے سے دونوںملکوں کی معیشت کو زبردست فوائد حاصل ہوں گے اور باہمی تجارت کو بھی فروغ ملے گا نیزتجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے لہٰذا حکومت پاکستان اور انڈونیشین حکومت کو ایف ٹی اے پر جلد ازجلد دستخط کرنے کی حکمت عملی پر کام تیز کرنا چاہیے تاکہ انڈونیشیا کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیاجاسکے۔