جرمنی کے مشہور عالمی برانڈ ہیگو باس کا پہلا سٹور پاکستان میں کھول دیا گیا
آئی سی سی آئی کے صدر نے سینٹورس مال اسلام آباد میں سٹور کا افتتاح کیا
حکومت انٹرنیشنل برانڈز کو پاکستان لانے کیلئے حوصلہ افزا پالیسیاں بنائے۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل برانڈز کوپاکستان میں لانے کیلئے حوصلہ افزاء پالیسیاں تشکیل دے اور ان برانڈز کی درآمد پر ڈیوٹیز میں کمی کرے تاکہ ان کی قیمتیں کم ہوں اور عوام کو آسانی سے خرید سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل برانڈز کے پاکستان میں فروغ پانے سے مقامی مارکیٹ میں بہتر مقابلے کا رحجان پیدا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمنی کے مشہور عالمی برانڈ ہیگو باس کے پاکستان میں پہلے سٹور کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جس کو سن اسپورٹس کراچی نے سینٹورس مال اسلام آباد میں کھولا ہے۔ چیمبر کی سنیئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمان خان، سٹور کے مالک عبدالصمد ذیشان، عمیس خٹک، عمر حسین، اسلم کھوکھر، عبدالرحمن صدیقی، رانا قیصر شہزاد، نعیم الرحمن پراچہ، شوکت حیات، حافظ بلال منیر، محمد شاکر، سعید خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان میں لیبر کاسٹ بہت سستی ہے جو بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بہت فائدہ مند ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ انٹرنیشنل برانڈز بنانے والی کمپنیوں کو بھی پاکستان میں اپنے کارخانے لگانے کیلئے پرکشش مراعات فراہم کرے تا کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کرنے میں سہولت محسوس کریں۔ اس سے پاکستان میں انٹرنیشنل برانڈز سستے تیار ہوں گے اور ان کی برآمدات کو بھی بہتر فروغ ملے گا جس سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مزید انٹرنیشنل برانڈز اور ان کو تیار کرنے والی کمپنیوں کی آمد سے مقامی مارکیٹ میں بہتر مقابلے کی فضا پیدا ہو گی اور مقامی صنعتوں میں بھی یہ ترغیب پیدا ہو گی کہ وہ عالمی معیار کی مصنوعات تیار کرنے کیلئے خود کو اپ گریڈ کریں جس سے پاکستان کی برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل برانڈز کی زیادہ آمد سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد مزید بڑھے گا جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔


آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان22کروڑ عوام کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جس میں انٹرنیشنل برانڈز اور ان کو تیار کرنے والی کمپنیوں کیلئے کاروبار کے پرکشش مواقع موجود ہیں تاہم بین الاقوامی برانڈز کو پاکستانی مارکیٹ میں عام کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے بہتر مراعات اور بہتر سہولیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آر ٹیکس نظام کو مذید آسان بنائے جس سے مزید بین الاقوامی برانڈز اور کمپنیاں پاکستان کا رخ کریں گے۔ انہوں نے ہیوگو باس کا پاکستان میں پہلا سٹور کھولنے پر سٹور کے مالک عبدالصمد ذیشان کو مبارکباد دی اور ان کے کاروبار کی ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہیوگو باس سٹور کے مالک عبدالصمد ذیشان نے کہا کہ ان کا کاروباری ادارہ سن ا سپورٹس پاکستان میں مشہور انٹرنیشنل برانڈز متعارف کرانے میں اچھی خاصی شہرت رکھتا ہے اور انہوں نے پاکستان کے بڑے شہروں میں اپنے سٹورز قائم کر رکھے ہیں جن میں مختلف انٹرنیشنل برانڈز سیل کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سن اسپورٹس نے دنیا کے مشہور انٹرنیشنل برانڈز کو پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرایا ہے اور اب ہیگو باس کے مصنوعات کو پاکستان میں متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے صارفین کو ہیگو باس کی مصنوعات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔