اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو فروغ دینے کیلئے آئی سی سی آئی اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ
یونیورسٹیاں صنعتی شعبے کے مسائل کا حل تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک)، اسلام آباد کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو فروغ د ے کر صنعتی شعبے کے مسائل کا حل تلاش کرنا، صنعتوں کی ضرورت کے مطابق طلبا تیار کرنا ہے اور صنعتی کارکردگی و پیداواری صلاحیت کو بہتربنانا ہے۔اس سلسلے میں نیوٹیک، اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے رجسٹرار ڈاکٹر سید عدنان قاسم نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید،نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹر انجینئر خالد اصغر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر کے آئی سی سی آئی اور نیوٹیک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ادارے مشترکہ کوششوں سے صنعتوں میں اختراعات کو فروغ دینے، صنعتی شعبے کے مسائل کا نکالنے، صنعتوں کو درآمدات کا متبادل تیار کرنے، مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے میں تعاون کریں گے۔ نیوٹیک آئی سی سی آئی کے تعاون سے بین الاقوامی معیار کی مہارت کی تعلیم فراہم کر کے اور جدید تربیت فراہم کر کے صنعتی شعبے کیلئے بہتر تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی تا کہ صنعتوں کی پیداوار بہتر ہونے سے کاروبار اور برآمدات کو مزید فروغ ملے۔ اس کے علاوہ آئی سی سی آئی اور نیوٹیک جوائنٹ ورکنگ گروپس تشکیل دے کر مختلف اقدامات پر کام کریں گے جن میں نصاب اور صنعتی تحقیقی کاموں کا وقتافوقتا جائزہ لینا، نیوٹیک کے انڈسٹری سے متعلقہ منصوبوں کی جانچ پڑتال کرنا اور اپرنٹس شپ پروگراموں پر نظرثانی کرنا وغیرہ شامل ہیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے یونیورسٹیوں اور صنعتوں کے مابین مضبوط روابط قائم کر کے غیرمعمولی اقتصادی ترقی حاصل کی ہے لہذا پاکستان کو بھی ایک مضبوط معیشت کے طور پر ترقی پانے کیلئے اسی ماڈل کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں صنعتی شعبے کے مسائل کا بہتر حل تلاش کرنے میں فعال کردار ادا کر سکتی ہیں لہذا پاکستان میں یونیورسٹیوں اور صنعتوں کے مابین قریبی روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی اور نیوٹیک کے مابین باہمی تعاون کا معاہدہ ان مقاصد کو حاصل کرنے کی طرف ایک مثبت پیش رفت ثابت ہو گاجس سے صنعتی شعبہ بہتر ترقی کرے گا۔


نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹر انجینئر خالد اصغرنے اپنے خطاب میں نیوٹیک کے ساتھ تعاون کا معاہدہ کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کا باہمی تعاون خطے میں یونیورسٹی انڈسٹری روابط کو بہتر کرنے میں فعال کردار اد اکرے گا اور پاکستان کے صنعتی و معاشی مفادات کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور نیوٹیک کا مشترکہ تعاون صنعتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے، صنعتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے، ورکشاپس، سیمینارز اور ریسرچ کانفرنسوں کا انعقاد کر کے صنعتی شعبے کے مسائل کا حل تلاش کرنے میں کافی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک اور آئی سی سی آئی انجینئرنگ، ٹیکنالوجی اور اسکل ایجوکیشن پروگراموں کے لیے اپنی تربیتی سہولیات کو استعمال کرنے کے لیے ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔