دونوں بارڈر چمن اور طورخم کھلے ہوئے ہیں اور ہوائی راستے سے بھی دو ہزار لوگ پاکستان آئے ہیں،نجی ٹی وی کو انٹرویو

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کی دو سالہ مدت ابھی باقی ہے اور مہنگائی ہمارا مسئلہ ہے اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور اس پر قابو پانے کے لئے ہمیں ایک جامع منصوبہ بندی کرنی ہوگی کیونکہ حکمرانی میں وقت کا پتا نہیں چلتا اور اپوزیشن میں ہوں تو ایک دن تین دن کے برابر ہوتا ہے اور جب آدمی حکمران ہوتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ بڑا وقت پڑا ہوا ہے دیکھتے دیکھتے ہی تین سال گزر گئے ہیں  ۔ کابل سے تمام پاکستانیوں کا انخلاء ہوچکا ہے اور35سے40لوگ  خود وہاں رہنا چاہتے ہیں۔  اندھوں کو بھی پتا  تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر اتنا بڑا مجمع ہے اور کوئی بھی خود کش حملہ آور آسکتا  ہے۔ان خیالات کااظہارشیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ تین سال قبل جب پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار سنبھالا تو خیال کیا جارہا تھا کہ ملک ڈیفالٹ ہو جائے گا تاہم اب بہتر صورتحال ہے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہیں اور بیرون ملک سے ترسیلات زر بہتر ہیں اور جو ہمارے خسارے تھے وہ بہتر ہیں ۔ مسلئے مسائل حل کرنے ہیں اور کابل کا مسئلہ بھی بہت اہم ہوتا جارہا ہے اس کی ذمہ داریاں بھی بڑھ سکتی ہیں اور ہمارا بین الاقوامی کردار بھی بڑھ سکتا ہے ۔ہم نے اسلام آباد میں ساری چوکیاں ختم کی ہیں، 1122لارہے ہیں اور دو ہزار کیمرے اور لگانے جارہے ہیں تاکہ سیکیورٹی کے معاملات اور ٹھیک ہوسکیں اور چینی سکیورٹی میں اور اضافہ کررہے ہیں ، ہم آگے کی طرف بڑھ رہے ہیں اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا کلیدی کردار ہوگا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اندھوں کو بھی پتا  تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر اتنا بڑا مجمع ہے اور کوئی بھی خود کش حملہ آور آسکتا  ہے اور امریکی صدر جو بائیڈن نے تو خود واضح کردیا تھا کہ ہم31اگست تک ختم کریں گے چونکہ سکیورٹی کا مسئلہ ہے، یہ تو کنفرم خبر تھی جس کے بعد انہیں احتیاطی تدابیر میں بہتری لانی چاہئے تھی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دونوں بارڈر چمن اور طورخم کھلے ہوئے ہیں اور ہوائی راستے سے بھی دو ہزار لوگ پاکستان آئے ہیں اور اتنے ہی لوگو ں کی ہماری اور تیاری ہے اگر کوئی سفارتکار ہوں تو ہم 21دن کا ٹرانزٹ  ویزہ دینے کے لئے تیار ہیں۔ اب تک ہمارے اوپر مہاجرین کا کوئی بوجھ نہیں ہے۔ پانچ، سات سو لوگ ٹرانزٹ ہمارے ایئرپورٹس پر ہیں وہ ان کے جہاز آتے ہیں اور ان کو لے جاتے ہیں ، ہم نے انخلاء کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے اور اس کا سہرا عمران خان کی حکومت اور ہماری مسلح افواج اور ہماری آرمڈ ایجنسیز کو جاتا ہے جنہوں نے بڑی زبردست منصوبہ بندی کی اور کسی جگہ ہمیں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سب سے بڑے پروگرام احساس پروگرام اور ڈیموں کی تعمیر ہیں۔ ڈیموں کی تعمیر سے بنجر زمین آباد ہو گی اور سستی بجلی پیدا ہو گی، اس وقت ہمارے پاس بجلی ضرورت سے زیادہ ہے اور جو استعمال نہ ہو اس کے بھی پیسے دینے پڑیں گے ایسے معاہدے ہوئے ہیں جو بجلی استعمال نہ بھی ہو اس کے بھی پیسے دینے پڑیں گے۔