جامشورو میں 500 کے وی یارڈ میں آسمانی بجلی گرنے سے کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں بجلی غائب
بجلی کا بڑا بریک ڈائون ہونے سے کراچی کے واٹر بورڈ کی تنصیاب سمیت مختلف موبائل کمپنیوں کا نیٹ ورک بھی متاثر

کراچی( ویب  نیوز)جامشورو میں این ٹی ڈی سی کے 500 کے وی یارڈ میں آسمانی بجلی گرنے سے کراچی ، حیدر آباد اور میرپورخاص ڈویژن کے بیشتر اضلاع میں بجلی غائب ہو گئی ۔ نیشنل گرڈ اسٹیشن کی ٹرانسمینش لائن میں خرابی کے بعد کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے 1900 میں 1400 فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے باعث کراچی کا 80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا۔کراچی  کے جوعلاقے  بجلی سے محروم ہوئے ان میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، کلفٹن، ڈیفنس، ایف بی ایریا، ملیر، گلشن اقبال، صدر، پی ای سی ایچ ایس بلاک 2، لیاقت آباد سی ون ایریا اور گلستان جوہر ، ملیر ، ماڈل کالونی سمیت  شہر کے کئی علاقے  شامل ہیں۔ شہر میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون ہونے سے کراچی کے واٹر بورڈ کی تنصیاب متاثر ہوئی ہیں جس سے شہریوں کو نہ صرف پانی کی سپلائی معطل ہو گئی بلکہ مختلف موبائل کمپنیوں کا نیٹ ورک بھی متاثر ہوا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے ای کال سینٹر 118 اور کے ای کی ایس ایم ایس سروس بھی کام نہیں کر رہی جبکہ کے الیکٹرک کی ایپ پر بھی شکایات رجسٹر نہیں ہو رہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کراچی کو این ٹی ڈی سی سے ملنے والی بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا ہے۔ادھر کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے بجلی کی فراہمی میں تعطل کی اطلاعات ملی ہیں۔ کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں بجلی کی بحالی کے لئے متبادل نظام کو بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ تمام تر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔