پاکستانی آرٹسٹ نے دنیا کا سب سے بڑا قرآن تیار کرکے تاریخ بدل دی
ایلومینیم اور سونے سے لکھا گیا1400سالہ اسلامی تاریخ میں دنیا کا پہلا قرآن پاک ہے،خلیج ٹائمز کی رپورٹ
شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا نسخہ اگلے ماہ دبئی میں ہونے والی دبئی ایکسپو 2020میں پیش کیا جائے گا
قرآن پاک کراچی میں تیار کیا گیا ہے، فریم کے سائز کو چھوڑ کر قرآن پاک 8.5 فٹ لمبا اور 6.5فٹ چوڑا ہے،شاہد رسام


کراچی(ویب  نیوز) پاکستانی آرٹسٹ شاہد رسام نے اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا قرآن پاک تیار کر کے تاریخ ہی بدل ڈالی۔خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا نسخہ اگلے ماہ دبئی میں ہونے والی دبئی ایکسپو 2020میں پیش کیا جائے گا۔شاہد رسام کی جانب سے تیار کیا جانے والا قرآن پاک 1400سالہ اسلامی تاریخ میں ایلومینیم اور سونے سے لکھا گیا دنیا کا پہلا قرآن پاک ہے۔روایتی طور پر قرآن پاک کو اب تک کاغذ،کپڑے اور چمڑے پر تیار کیا جاتا رہا ہے لیکن پاکستانی آرٹسٹ نے ایلومینیم اور سونے سے الفاظ لکھ کر ایک نیا تصور متعارف کروایا ہے۔غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد رسام کا کہنا تھا کہ دنیا کا سب سے بڑا قرآن پاک کراچی میں تیار کیا گیا ہے، فریم کے سائز کو چھوڑ کر قرآن پاک 8.5 فٹ لمبا اور 6.5فٹ چوڑا ہے۔شاہد رسام کے مطابق قرآن کے ایک صفحے پر 150الفاظ درج ہیں جبکہ قرآن پاک کے کل صفحوں کی تعداد550ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہد رسام اس سے قبل سن 2000میں ایلومینیم اور سونے سے اللہ کے 99 نام تیار کرکے متحدہ عرب امارت کی العین یونیورسٹی سے آرٹسٹ آف دی ایئر  ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔