اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پمز اسپتال نے کورونا کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ڈاکٹرز، نرسز سمیت عملے کو غیر ضروری چھٹیاں نہیں ملیں گی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) اسپتال میں کورونا کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ، اس حوالے سے ترجمان پمزڈاکٹر وسیم خواجہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز،نرسز سمیت عملے کو غیر ضروری چھٹیاں نہیں ملیں گی۔کورونا صورتحال کے حوالے سے ترجمان پمز نے کہا کہ 24گھنٹے میں کورونا کے 7مریض انتقال کرگئے، اسپتال میں11 کورونا کے مریض وینٹی لیٹرپر اور مختلف وارڈز میں کورونا کے 150 مریض زیرعلاج ہیں۔ترجمان اسپتال کا کہنا تھا کہ کورونا مریضوں کے بڑھتے رش کی وجہ سے مزید وارڈز بنانے پر غور کررہے ہیں۔گذشتہ ماہ پمز اسپتال انتظامیہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر اختیاری وطے شدہ سرجریز ملتوی کردی تھی اور کہا تھا کہ صرف ایمرجنسی صورت میں سرجریز کی جائیں گی۔خیال رہے پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، ایک دن میں 57 اموات ہوئیں اور3 ہزار سے زائد کورونا کیسز سامنے آئے.