اسلام آباد( ویب نیوز  )
صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگوکی سربراہی میں خیبرپختونخوا کے تمام چیمبرز کے عہدیداران کا اجلاس گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ جس میں ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم ، بزنس مین پینل کے صدر و ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں انجم نثار، جنرل سیکرٹری بی ایم پی و نائب صدر سارک چیمبر سینیٹر حاجی غلام علی ، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر محمد زاہد شاہ،سابق نائب صدر حاجی فضل الٰہی، بی ایم پی کے مرکزی نائب صدر عدنان جلیل، خیبرپختونخوا کے صدر قیصر خان دائود زئی سمیت مردان چیمبر سے ظاہر شاہ ، ہری پور چیمبر سے شہباز مجید شیخ ، صوابی چیمبر سے شیراز اکرم باچا، محمد اسرار’ محمد بابر ہمایوں ، کوہاٹ چیمبر سے محمد رشید پراچہ ‘محمد ارشد، لوئر دیر چیمبر سے عمران خان ، نور عالم بادشاہ، واجد شعیب آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن سے مشتاق خان ، آل پاکستان ماربل ایسوسی ایشن سے عباد خان ، سمیت مہمند چیمبر،پشاور سمال چیمبر، چارسدہ چیمبر، ڈیرہ اسماعیل خان چیمبر، ایبٹ آباد چیمبر سمیت راولپنڈی اور لاہور چیمبر کے عہدیداران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شرکاء نے خیبرپختونخوا کی بزنس کمیونٹی اور چیمبرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے حوالے سے فیڈریشن کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگونے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے تاجر کا ادارہ ہے ۔ جس کو بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو وہ کسی بھی وقت ہم سے رابطہ کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ و بہتری کیلئے ہم نے بہت سے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے ۔ فیڈریشن آفس میں ریسرچ سنٹر قائم کیا ہے جس میں اعلیٰ پائے کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں جس سے نہ صرف سرمایہ کار بلکہ پاکستان کے چیمبر ز بھی بھرپور استعفادہ حاصل کر سکتے ہیں ۔ صدر میاں ناصر حیات مگو ، سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم ، نائب صدر محمد زاہد شاہ ، سابق صدر و چیئرمین بی ایم پی میاں انجم نثار، جنرل سیکرٹری بی ایم پی و نائب صدر سارک چیمبر سینیٹر حاجی غلام علی ، چیئرمین بی ایم پی کے پی کے و سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی قیصر خان دائود زئی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور ملک کی تمام ٹریڈ باڈیز خاص کر خیبرپختونخوا کے تمام چیمبرز ملکی ترقی و بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بزنس کمیونٹی کا اتحاد اور اتفاق ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کیلئے ایک مثال ہے ۔ ہمیں ان جذبوں کو دبنے نہیں دینا بلکہ اسی جذبہ کیساتھ ملکی معیشت کی ترقی ، کاروبار کے فروغ اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی بزنس کمیونٹی کا ادارہ ہے اور ہمارا کام ہے ملک کے ہر چھوٹے بڑے تاجر کیلئے آسانیاں پیدا کریں ۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں جدت لائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام چیمبرز ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم کے نیچے ایک گلدستے کی مانند ہیں۔ اس موقع پر سینیٹر حاجی غلام علی اور محمد زاہد شاہ نے تمام شرکاء کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام چیمبرز کیلئے پلاٹ کی فراہمی کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو خطوط ارسال کردئیے ہیں تمام چیمبرز اپنے اپنے ڈی سیز سے مل کر بہترین جگہ کا انتخاب کرکے پلاٹ حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرز کی عمارات کی جلد تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت، یو این ڈی پی اور یونائیٹڈ نیشن سمیت مختلف اداروں سے رابطے میں اور جلد فنڈز کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جس کو بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو اس کیلئے فیڈریشن کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ۔